کمٹہ، 21؍اگست (ایس او نیوز) چین کے بیجنگ شہر میں منعقد ہونے والے پیرا ایشیئن ٹیبل ٹینس چیمپیئن شپ میں ہندوستان کی نمائندگی کرنے والی ٹیم میں کمٹہ کے نوجوان کھلاڑی ناظم جاوید شیخ کا انتخاب ہوا ہے۔بیجنگ میں یہ مقابلہ 23اگست سے شروع ہورہا ہے جو 31اگست تک چلے گا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق چین میں ہونے والی اس پیرا ایشیئن چیمپیئن شپ میں نمائندگی کے لئے کھلاڑیوں کا انتخاب جولائی کے مہینے مدھیہ پردیش کے اندور شہر میں ہواتھا جس میں ملک کی مختلف ریاستوں سے کُل 12کھلاڑیوں کی ٹیم منتخب ہوئی ہے ۔اس میں ریاست کرناٹکا سے ساحلی علاقے کمٹہ کے رہنے والے ناظم شیخ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے لئے جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔
ناظم شیخ فی الحال ہبلی کیمس میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس کی پڑھائی کررہے ہیں۔ اور گزشتہ 2سال سے ٹیبل ٹینس کی کوچنگ و ہ ہبلی میں واقع مہاراشٹرا منڈل ٹیبل ٹینس کلب میں لے رہے ہیں۔اس سے قبل سال 2013میں تھائی لینڈ میں منعقدہ ایک مقابلے میں بھی وہ شرکت کرچکے ہیں۔
بیجنگ کی پیر اایشیئن چیمپیئن شپ میں شرکت کے لئے ناظم شیخ کے انتخاب پر کمٹہ جماعت المسلمین، کمٹہ مسلم ایسو سی ایشن، نارتھ کینرا مسلم یونائٹیڈ فورم، آئیڈیل ایجو کیشن ٹرسٹ اور الاتحاد یوتھ کمیٹی کے ذمہ داران نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔